نئی دہلی 3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) زیادہ سے زیادہ عوام تک رسائی حاصل کرنے کے مقصد سے وزیراعظم نریندر مودی آج ابنائے وطن سے پہلی بار ریڈیو پر خطاب کریں گے اور ملک کی خوشحالی اور بہتری کے لئے اُن کی مہارتوں کو استعمال کرنے کی بات کریں گے۔ وزیراعظم کھادی کی مصنوعات استعمال کرنے کی وکالت کریں گے تاکہ مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا جائے اور عوام پر یہ تاثر مرتب کیا جائے کہ ہم زیادہ عزت نفس رکھتے ہیں۔ ریڈیو پر نشریہ کو باقاعدہ پروگرام بنادینے کا تیقن دیتے ہوئے نریندر مودی نے عوام سے تجاویز اور مشورے طلب کئے ہیں اور کہاکہ اُنھیں اِس اعلان کے بعد کئی تجاویز وصول ہوچکی ہیں اور اُن سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ ریڈیو پر قوم سے خطاب کرتے رہیں۔ اپنے پندرہ منٹ طویل خطاب میں اُنھوں نے خواہش کی کہ عوام اپنی صلاحیتوں کو پہچانیں اور اُن کا استعمال کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ آپ جانتے ہیں کہ ہمارے سائنسدانوں نے اقل ترین اخراجات کے ساتھ مریخ کی مہم کا کامیاب اہتمام کیا ہے۔ ہماری صلاحیتوں میں کوئی کمی نہیں ہے۔ ہم صرف اپنی طاقت بھول گئے ہیں۔ ہم بھول گئے ہیں کہ ہمارے بھائی اور بہن ہر کارنامہ انجام دے سکتے ہیں۔ ہمیں اپنی داخلی طاقت کا احساس کرنا چاہئے۔ وزیراعظم نے سوامی ویویکانند کی ایک مختصر سی کہانی سنائی جس میں ایک بھیڑ اپنی طاقت کا احساس کرنے کے بعد ببر سے دوستی کرلیتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اگر ہم عزت نفس کے ساتھ اور درست شناخت کے ذریعہ پیشرفت کریں تو فاتح بن کر اُبھر سکتے ہیں۔ اُنھوں نے مہاتما گاندھی کا حوالہ بھی دیا جن کی یوم پیدائش تقریب کل منائی گئی اور عوام پر یہ تاثر چھوڑنے کی کوشش کی کہ کھادی کی مصنوعات اور گھریلو مصنوعات استعمال کریں تاکہ مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا جائے۔ علاوہ ازیں گھریلو دستکاری کے ذریعہ تیار کردہ مصنوعات استعمال کرنے سے غریبوں کو فائدہ بھی پہونچے گا۔ ’’من کی بات‘‘ پروگرام میں وزیراعظم نے کہاکہ 125 کروڑ ہندوستانی بے انتہا طاقت اور مہارت رکھتے ہیں۔ ہمیں صرف اپنی طاقت سمجھنے کی ضرورت ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اُنھیں ای میل کے ذریعہ تجاویز اور مشورے حاصل ہورہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ قابلیت رکھنے والے بچے اُنھیں تحریک دے رہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ مزید کچرا کنڈیوں، پالی تھن پر امتناع اور چھوٹے پیمانہ کی صنعتوں کے رجسٹریشن کی سخت ضرورت ہے۔