لاس ویگاس۔ 24 فروری (سیاست ڈاٹ کام) متنازعہ ری پبلیکن صدارتی امیدوار نے آج ایک اور شوشہ چھوڑتے ہوئے کہا کہ امریکہ سے ملازمتیں چھین لینے والے ممالک میں ہندوستان بھی شامل ہے۔ اگر وہ صدر بنے تو ہندوستان سے وہ تمام ملازمتیں ،امریکی شہریوں کیلئے دوبارہ حاصل کرلیں گے۔ لاس ویگاس میں اپنے حامیوں کی ایک پُرہجوم ریالی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین، جاپان، ویتنام اور ہندوستان نے ہمیشہ امریکیوں کی حق تلفی کی اور ہمارے مستحق نوجوانوں کے منہ کا نوالہ چھین لیا۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے گزشتہ سال جون میں صدارتی انتخابی میدان میں قدم رکھا تھا اور اس کے بعد سے ہی وقتاً فوقتاً چین، جاپان، میکسیکو اور ویتنام کا رونا روتے رہے ہیں اور یہی کہتے آئے ہیں کہ ان ممالک نے امریکہ سے ملازمتوں کا اچھا خاصا تناسب چھین لیا ہے۔ اس فہرست میں اب انہوں نے ہندوستان کا نام بھی شامل کرلیا ہے۔ گزشتہ تین دنوں میں تقریباً دو بار انہوں نے امریکی نوجوانوں کی ملازمتوں کا حق چھیننے کے لئے ہندوستان کو موردالزام ٹھہرایا۔