واشنگٹن ۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے امریکہ کے ’’توانائی سیکٹر‘‘ کیلئے ایک منفرد پیشکش کی ہے کیونکہ ہندوستان امریکی توانائی پروڈکٹس کے لئے ایک بہت بڑی منڈی ہے جن میں کلین کول ٹیکنالوجی بھی شامل ہے۔ امریکی وزیرتوانائی رک پیری نے یہ بات بتائی جنہوں نے جاریہ سال اپریل میں ہندوستان کا دورہ کیا تھا جو دراصل ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان دورخی توانائی تعاون میں اضافہ کیلئے کیا گیا تھا۔ رک پیری نے بعدازاں کہا تھا کہ کلین کول اور کاربن کے استعمال کے موضوعات پر ان کی اپنے ہندوستانی ہم منصب کے ساتھ بات چیت اچھی رہی۔ ماہ اپریل میں یو ایس ۔ انڈیا اسٹریٹیجک انرجی پارٹنر شپ کی پہلی کانفرنس کے دوران دونوں ممالک نے تیل اور گیس کے علاوہ قابل تجدید توانائی اور کول (کوئلہ) سیکٹرس میں باہمی تعاون میں اضافہ کا فیصلہ کیا تھا۔ میڈیا گول میز کانفرنس کے دوران رک پیری نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکی توانائی کیلئے ہندوستان نے ایک منفرد پیشکش کی ہے۔ گذشتہ تین سالوں میں امریکی خام تیل کی ہندوستان کو برآمد کرنے کی مقدار 3 ملین بیارلس سے بڑھ کر 8 ملین بیارلس ہوگئی اور ہندوستان امریکی توانائی مصنوعات کے لئے ایک بہت بڑی منڈی ہے۔