ہندوتہوار پر سنگاپور میں شراب پر امتناع

سنگاپور ۔ 15 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) سنگاپور میں ہندوؤں کی اکثریت والے ایک علاقہ میں حکومت شراب کی فروخت پر امتناع عائد کرے گی کیونکہ 17 جنوری کو یہاں کے ہندو علاقائی طورپر منائے جانے والے تھائی پوسم ہندو تہوار منائیں گے ۔ امتناع کا نفاذ کل شام 6 بجے سے پیر کی صبح 6:00 بجے تک ہوگا ۔ ’’لٹل انڈیا پرسینکٹ ‘‘ نامی اس علاقہ میں یوں تو ایک ہفتہ کی تکمیل والے دن شراب کی فروخت پر ہفتہ واری امتناع عائد کیا جاتا ہے جسے dry day کہا جاتا ہے ۔ یہ سلسلہ بھی گزشتہ سال ڈسمبر میں رونما ہوئے زبردست فسادات کے بعد متعارف کیا گیا ہے۔ فسادات میں جنوبی ایشیاء کے 400 تارکین وطن ملوث تھے ۔

روس سے امریکی صحافی کا اخراج
واشنگٹن ۔ 15 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی صحافی ڈیوڈ ساتر جو روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے عرصہ دراز سے زبردست نقاد رہے ہیں ، آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سردجنگ کے آغاز کے بعد انھیں روس کا دورہ نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے امتناع عائد کیا گیا ہے جو اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے ۔ مسٹر ساتر کا تعلق سابق فینانشیل ٹائمز اور وال اسٹریٹ جرنل سے تھا جنھوں نے روس پر تین کتابیں تصینف کیں۔