شرپسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی کامطالبہ، محمد سراج الدین کا ڈی جی پی کو مکتوب
حیدرآباد /3 اکتوبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ محمد سراج الدین نے ڈی جی پی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ہندوتوا تنظیموں اور چند پولیس ملازمین کے درمیان ساز باز کا الزام عائد کرتے ہوئے ایسے شرپسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور شہر کے امن و امان کو برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے ڈی جی پی کو تحریر کردہ مکتوب میں بتایا کہ جی اوز 128 اور 315 کا آر ایس ایس، بجرنگ دل، بی جے پی، ہندو واہنی اور بھارتیہ پرانی مترا سنگھ کے ارکان بیجا استعمال کرتے ہوئے عید الاضحی کے موقع پر بڑے جانوروں کی منتقلی میں غیر ضروری رکاوٹیں پیدا کرکے پرامن فضاء کو مکدر کر رہے ہیں، جس کی وہ اور کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے۔ انھوں نے بی جے پی کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ کی جانب سے بڑے جانوروں کی قربانی کے مسئلہ پر مسلمانوں کے خلاف کی گئی زہر افشانی کی مذمت کی اور کہا کہ پولیس صرف تماشائی بنی ہوئی ہے اور چند پولیس عہدہ دار ہندوتوا طاقتوں سے ساز باز کرکے ان کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مسلمان ہندوستان کے قوانین سے واقف ہیں اور اس کا احترام کرتے ہیں۔ گئو ماتا کا نعرہ لگاکر ہندوتوا طاقتیں مسلمانوں کو ہراساں کر رہی ہیں، لہذا ڈی جی پی اس مسئلہ پر فوری توجہ مرکوز کریں اور شہر حیدرآباد کے علاوہ اضلاع میں بھی جی اوز کا بیجا استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیں۔