ہندوتوا، ہندوازم نہیں بلکہ ہندوپن:آر ایس ایس

نئی دہلی ۔ 19 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) سرسنچالک موہن بھاگوت کے تبصرہ پر تنقید کا نشانہ بنی ہوئی آر ایس ایس نے آج کہا کہ ہندوتوا کا مطلب ہندوازم نہیں بلکہ ہندوپن ہے۔ سنگھ کے کل ہند پرچار پرمکھ منموہن ویدیا کے بموجب ہندوتوا گنگا کے بہاؤ کی طرح ہے۔ سرسنچالک سنگھ نے ممبئی میں جو کچھ کہا اسے قبل ازیں رویندر ناتھ ٹیگور اور ایس رادھا کرشنن بھی کہہ چکے ہیں۔انہوں نے ادعاء کیا کہ ہندوتوا ہندوستان کی شناخت ہے۔ ہندوتوا کا مطلب ہندوازم نہیں بلکہ ہندوپن ہے۔ بھارت اور ہندوتوا دریائے گنگا کے بہاؤ کے مماثل ہیںجس کا سنگم دریائے یمنا اور دیگر کئی دریاؤں سے ہوتا ہے ، اس کے باوجود اس کا تقدس اور سب کو سمولینے کی نوعیت برقرار رہتی ہے ۔ یہ اس کے باوجود بھی گنگا کہلاتی ہے اور ناقابل تصور زمانہ سے بہتی آرہی ہے۔

نکسلائیٹس کے ساتھ انکاؤنٹر
تین کوبرا جوان زخمی
رائے پور ۔19 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) تین کوبرا جوان آج چھتیس گڑھ کے شورش پسندی سے متاثرہ ضلع دنتے واڑہ میں ماؤسٹوں اور نیم فوجی دستوں کے درمیان بندوق کی لڑائی میں زخمی ہوگئے ۔ دنتے واڑہ ایس پی کملوچن کیشپ نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ یہ انکاؤنٹر شورش زدہ جنگلات میں پیش آیا جبکہ سکیورٹی فورسیس آج صبح کے اوائل اُس علاقہ میں مخالف نکسل آپریشن کے بعد واپس ہورہے تھے ۔ سی آر پی ایف کی خصوصی تربیت یافتہ یونٹ کوبرا کا اسکواڈ انسداد نکسل آپریشن کیلئے کل سے اس علاقہ میں متحرک ہے ۔