ہندوؤں کی تعداد بڑھانے کی کوششیں :توگاڑیہ

بھوپال 21 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے ہندوستان کو ’’ہندو راشٹر‘‘ قرار دیئے جانے کے دوسرے دن سینئر وشوا ہندو پریشد لیڈر پراوین توگاڑیہ نے آج کہا کہ ملک میں ہندوؤں کے فیصد کو بڑھانے کی کوششیں کی جائیں گی۔ انہوں نے مذہبی تبدیلی کے مسئلہ پر تبصرے سے گریز کیا۔ انہوں نے کہا کہ موہن بھاگوت کا کل کولکتہ کنونشن میں ’’ہندو راشٹر‘‘ سے متعلق بیان وی ایچ پی کیلئے ’’انجیل‘‘ کی طرح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں ہندوؤں کی آبادی کو صد فیصد بنانا چاہتے ہیں۔ اس وقت ہندوستان میں 82 فیصد ہندو ہیں اور ہم نہیں چاہتے ہیں کہ یہ تعداد تقسیم کا شکار ہو۔ ہم ہندوؤں کو ملک میں اقلیت میں تبدیل ہوتے نہیں دیکھ سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ معصوم ہندوؤں کو لالچ بشمول رقم دیکر کر دیگر مذاہب میں شامل کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وی ایچ پی ملک میں ہندوؤں کو نہ صرف تحفظ فراہم کرے گی بلکہ بیرون ممالک میں بھی جو کچھ ضرورت ہو، ان کی مدد کی جائے گی۔