بیجنگ ، 11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) باہمی تال میل کے شاذ ونادر ہونے والے مظاہرہ میں ہندوستان، چین اور پاکستان کے بحری جہاز مشترکہ مشقوں میں حصہ لیں گے جن کا اہتمام چینی نیوی کے 65 ویں یوم تاسیس کے جشن کے طور پر کیا جارہا ہے۔ آئی این ایس شیوالک جو دیسی ساختہ چھوٹا ہندوستانی جنگی جہاز ہے، انٹرنیشنل فلیٹ ریویو میں حصہ لے گا جو 23، 24 اپریل کو گینگڈاؤ بندرگاہ میں پیپلز لبریشن آرمی نیوی کے زیراہتمام منعقد کیا جارہا ہے،
ہندوستانی ایمبیسی نے ایک بیان میں یہ بات بتائی۔ اس ایونٹ میں مشقیں بھی شامل ہیں۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ چینی صدر شی جین پنگ جو پی ایل اے کے سربراہ بھی ہیں، اس موقع پر شریک رہنے کی توقع ہے۔ ہندوستان نے اسی نوعیت کے ایونٹ میں 2009ء میں حصہ لیا تھا جب چینی بحریہ نے اپنے 60 ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں اس کا اہتمام کیا تھا۔ نمایاں بات یہ ہے کہ شیوالک ان مشقوں میں پاکستانی بحری جہاز کے ساتھ حصہ لے گا کیونکہ اسے بھی مدعو دی گئی ہے۔ مختلف ملکوں کے تقریباً آٹھ تا دس جہاز اس ایونٹ میں حصہ لینے کی توقع کی جارہی ہے۔