ہند، چین، جاپان سمیت 5 ممالک پر امریکی تحدیدات کا احیاء

امریکہ کی 180 دن کی مہلت کا اختتام، ایران پر مزید پابندیاں

واشنگٹن ۔ 22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے دوشنبہ کے دن ہندوستان، چین سمیت پانچ ممالک سے ایرانی تیل کی درآمد کو مسدود کردینے کا مطالبہ کیا ہے ورنہ پھر ان چھ ممالک سے امریکی پابندیوں کیلئے تیار ہوجانے کیلئے کہا گیا ہے۔ یہ بات ذرائع ابلاغ میں جاری ایک رپورٹ کے حوالے سے بتائی گئی۔ یہ فیصلہ امریکہ کی جانب سے ایرانی نیوکلیائی معاہدے دستبردار ہوجانے کے تقریباً ایک سال بعد کیا گیا ہے۔ امریکہ نے خلیج فارس کے اس ملک ایران پر بہت ہی سخت تحدیدات عائد کی ہیں۔ اس اقدام کو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے انتظامیہ کی جانب سے ایران پر ’’انتہائی دباؤ‘‘ سے تعبیر کیا جارہا ہے۔ یہ دباؤ امریکہ کی طرف سے ہندوستان، چین اور جاپان کے ساتھ ساتھ دیگر 5 ممالک پر 180 دن کی مہلت کے خاتمہ کے بعد بڑھا دیا گیا ہے۔ اس ضلع سے مذکورہ ممالک کو ایران سے تیل خریدنے کی اجازت مل گئی تھی کیونکہ ان ممالک نے ایران سے تیل کی خریداری میں قابل لحاظ کمی کردی تھی۔ واشنگٹن پوسٹ نے امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کے حوالے سے کہا ہیکہ دوشنبہ کی صبح کو سکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو مین ذرائع ابلاغ کے روبرو یہ اعلان کریں گے کہ 2 مئی کے بعد اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کسی بھی ملک کو جو حال حال تک ایرانی تیل درآمد کررہا تھا سے مزید اس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ہندوستان کو دی گئی اجازت کی برخاستگی کو بھی امریکہ کی جانب سے خلیج عمان کی بندرگاہ کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے تناظر میں دیکھا جارہا ہے جو جنگ سے تباہ حال افغانستان کی ترقی کیلئے بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔