یروشلم ، 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہند۔ اسرائیل باہمی روابط کی ’’زبردست اہمیت‘‘ کو تسلیم کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے باہمی تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کرلیا ہے۔ اسرائیل کے وزیر خارجہ اویگدور لیبرمین نے کل اپنی نئی ہندوستانی ہم منصب سشما سوراج سے بات کی اور ’’دونوں وزراء نے اتفاق کیا کہ یہ باہمی رشتہ عظیم اہمیت کا حامل ہے‘‘۔ ایک صحافتی بیان میں کہا گیا، ’’یہ دونوں اقوام کے درمیان ثمر آور تعاون اشتراک کے نہایت اہم شعبوں میں زبردست رول ادا کرتا ہے، جن میں زراعت، پانی، ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ اور مزید کئی شعبے شامل ہیں‘‘۔ لیبرمین نے دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی مذاکرات کی اہمیت پر بھی زور دیا اور سشما کو دوبارہ دورۂ اسرائیل کی دعوت دی۔ سشما نے 2008ء میں اسرائیل کا دورہ انڈو۔ اسرائیل پارلیمنٹری فرینڈشپ گروپ کی چیرپرسن کی حیثیت سے کیا تھا اور انھوں نے اسرائیل کو ’’بھروسہ مند شراکت دار‘‘ قرار دیا تھا۔ قبل ازیں اسرائیل کے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے نومنتخب وزیراعظم نریندر مودی سے انتخابی نتائج کا اعلان ہونے کے فوری بعد بات کی تھی۔