ہنوئی ۔ 15 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور ویتنام میں آج 7 معاہدوں پر دستخط کئے جن میں کلیدی شعبۂ تیل میں تعاون کو بڑھانے سے متعلق معاہدہ شامل ہے، جبکہ دونوں ملکوں نے بحیرہ جنوبی چین میں آبی گزرگاہ کی ’’آزادی‘‘ کیلئے زور دیا، جو ایسا ریمارک ہے جس سے چین ناراض ہوسکتا ہے جو اس سمندری علاقہ پر اپنے علاقائی مقتدر اعلیٰ کا دعویٰ کرتا آیا ہے۔ یہ معاہدوں پر دستخط صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کے 4 روزہ سرکاری دورہ کے دوسرے روز کئے گئے، جنہوں نے اپنے ویتنامی ہم منصب ترونگ تان سانگ کے ساتھ یہاں بات چیت منعقد کی۔ دونوں ملکوں نے کلیدی شراکت داری کی اساس پر باہمی تعاون کو گہرائی اور مضبوطی عطا کرنے کا فیصلہ کیا جس میں سیاسی، دفاعی اور سیکوریٹی تعاون، معاشی تعاون، سائنس اور ٹکنالوجی، ثقافت اور عوام سے عوام روابط، تکنیکی تعاون اور ہمہ رخی و علاقائی تعاون پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ چین کو عملاً ایک پیام دینے کی کوشش میں دونوں ملکوں نے جن کے 2007 ء میں کلیدی روابط قائم ہوئے، ادعاء کیا کہ بحیرہ جنوبی چین کے متنازعہ حدود میں گزرنے کی آزادی پر روک نہیں لگانا چاہئے اور تمام متعلقہ فریقوں سے اس تناظر میں تحمل برتنے کی اپیل کی۔ ہند۔ویتنام میٹنگ کے بعد جاری کردہ مشترکہ پیام میں کہا گیا کہ دونوں طرف کے قائدین نے ایشیاء میں امن ، استحکام کی برقراری اور ترقی و خوشحالی کو فروغ دینے کیلئے باہم مل جل کر کوشش کرنے کی اپنی خواہش اور اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اتفاق کیا کہ بحیرہ مشرقی چین / بحیرہ جنوبی چین میں حسب ضرورت گزرنے کی آزادی پر روک نہیں لگنا چاہئے اور تمام تنازعات کی یکسوئی آفاقی طور پر مسلمہ بین الاقوامی قانون بشمول UNCLOS-1982 کے اصولوں کے مطابقت میں پرامن طریقوں سے ہونا چاہئے ۔ چین نے ان آبی حدود میں اپنی اجارہ داری قائم رکھی ہے جس پر ویتنام اور دیگر سرحدی ممالک جیسے فلپائن ناراض ہے۔ دونوں اقوام نے کلیدی پارٹنرشپ کے ادارہ جاتی طریقہ کار کے تحت بالخصوص جوائنٹ کمیشن میٹنگ کے ذریعہ اپنے حریف تر رابطہ کو جاری رکھنے سے بھی اتفاق کیا۔ اس طریقہ کے تحت دفتر خارجہ کی مشاورتیں اور کلیدی مذاکرات شامل ہیں۔ وفد سطح کی بات چیت کے بعد دونوں طرف کے قائدین نے مختلف شخصیتوں اور سینئر حکومتی عہدیداروں کی موجودگی میں 7 مختلف موضوعات پر معاہدوں پر دستخط کی نگرانی کی۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ صدر سانگ اور صدر جمہوریہ مکرجی نے سماجی ۔معاشی ترقیوں اور اپنے متعلقہ ملکوں کی خارجہ پالیسی ، باہمی تعلقات اور باہمی مفاد کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ پرنب مکرجی نے ویتنام کی حکومت اور اس کے عوام کو حالیہ برسوں میں ان کی نمایاں کارگزاری پر مبارکباد بھی پیش کی جبکہ صدر سانگ نے ہندوستان کو حالیہ لوک سبھا انتخابات کی کامیاب تکمیل پر سراہا۔