حیدرآباد۔6 اگست (سیاست نیوز) اندرماں ہاؤزنگ اسکیم اور آبپاشی پراجیکٹس میں عوامی رقومات کو کانگریس دور میں لوٹ لئے جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے وزیر کمرشیل ٹیکس ٹی سرینواس یادو نے آج کہا کہ حکومت تلنگانہ آنے والے اسمبلی کے مانسون سیشن میں کانگریس کی کرتوتوں کو بے نقاب کرے گی اور بدعنوانیوں میں ملوث کانگریس قائدین کے خلاف سنگین کارروائی کرے گی۔ عثمانیہ دواخانہ کا معائنہ کرنے کے بعد سیکریٹریٹ میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سرینواس یادو نے کہا کہ سابق وزیر محمد علی شبیر نے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کے خلاف نازیبا ریمارکس کئے ہیں اور انہیں ’’تغلق‘‘ اور ’’طالبان‘‘ سے تعبیر کرتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ہم محمد علی شبیر کو ہرگز نہیں بخشیں گے۔