سرینگر ۔ 19 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر میں اپنی جڑوں کو مضبوط کرنے کی کوشش کرتے ہوئے بی جے پی نے آج کہا کہ وہ فرقہ پرست جماعت نہیں ہے۔ اس کی حکومت میں اسلام بہتر سے بہتر فروغ پائے گا۔ اگر پارٹی کو ریاست میں اقتدار کیلئے ووٹ دیا گیا تو مسلمانوں کو زبردست ترقی ملے گی۔ بی جے پی لیڈر اور کشمیر امور کے پارٹی انچارج رمیش اروڑہ نے کہا کہ یہ تاثر پیدا کیا گیا کہ بی جے پی ایک فرقہ پرست پارٹی ہے جبکہ یہ غلط ہے۔ کشمیر صوفی، سنتوں اور اسلام کی سرزمین ہے۔ بی جے پی کی حکومت میں یہاں اسلام فروغ پائے گا۔ اروڑہ نے کہا کہ کسی ریاست کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ ہرایک کو اپنے مذہب کی تبلیغ کا حق ہے۔ اس میں سیاسی مداخلت نہیں ہونی چاہئے۔ دستور میں تمام مذاہب کو کھلی آزادی دی گئی ہے اور بی جے پی تمام مذاہب کا احترام کرتی ہے اور دستور پر عمل کرنے کی پابند عہد ہے۔