کیلی فورنیا ، 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی کمپیوٹر ساز کمپنی ایپل کے سربراہ ٹِم کْک نے ہم جنس پرست ہونے کا اقرار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ہم جنس پرست ہونے کا انکشاف ایک میگزین کیلئے لکھے گئے ایک مضمون میں کیا جو جمعرات کو سامنے آیا۔ وہ اپنے اس جنسی رجحان کا کھلے عام اظہار کرنے والے پہلے معروف امریکی کاروباری رہنما ہیں۔ کْک کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی نجی زندگی سے پردہ اس اُمید پر اٹھایا ہے کہ اس سے شہری آزادی کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ 53 سالہ کْک کا تعلق الاباما سے ہے اور وہ خود کو ’جنوب کا بیٹا‘ قرار دیتے ہیں۔ وہ اس سے پہلے ہم جنس پرست مردوں اور خواتین کے ساتھ روا رکھے جانے والے امتیازی رویوں کے خلاف بات کرتے رہے ہیں۔