واشنگٹن ۔ 8 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) واشنگٹن کی جانب سے تہران پر پابندیوں کے پیکج کے لاگو ہونے کے ایک روز بعد امریکی وزارت خارجہ نے ایک بار پھر ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خطّے میں اپنا برتاؤ تبدیل کر لے۔وزارت خارجہ کی ترجمان ہیذر نوورٹ نے ایک پریس کانفرنس میں تہران پر الزام عائد کیا کہ وہ مشرق وسطی میں عدم استحکام پھیلا رہا ہے اور اپنے عوام پر توجہ نہیں دے رہا ہے۔اس سے قبل امریکی قومی سلامتی کے مشیر جون بولٹن یہ کہہ چکے ہیں کہ اُن کا ملک چاہتا ہے کہ ایران دہشت گردی کی پشت پناہی، مشرق وسطی میں معاندانہ سرگرمیوں اور میزائل اور نیوکلیئر پروگراموں سے وسیع پیمانے پر پیچھے ہٹ جائے۔ امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان نے واضح کیا کہ ایران اپنا مال سماجی خدمات پر خرچ کرنے کے بجائے دہشت گرد حملوں کیلئے استعمال میں لا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ ایک ایسا معاہدہ چاہتا ہے جو صرف نیوکلیئر پروگرام سے متعلق نہ ہو بلکہ تہران کا برتاؤ اور اس کا بیلسٹک میزائل پروگرام بھی اُس میں شامل ہو۔