اپرلیک (کیلیفورنیا) ۔ 2 اگست (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کیلیفورنیا میں جنگل کی آگ نے جو قہر برپا کیا ہے اس کا سلسلہ ہنوز جاری ہے جس میں زائد از 1000 مکانات جل کر خاکستر ہوگئے ہیں۔ ریڈنگ سٹی کے اطراف و اکناف کے مکانات کو زیادہ نقصان پہنچا جبکہ بعض ایسے افراد جنکے مکانات خاکستر ہوچکے ہیں، وہ دوبارہ وہاں آ گئے ہیں تاکہ ان کی تعمیر کی جاسکے۔ ریڈنگ سٹی کے ساکنان کیلئے گرما کا یہ موسم ’’شعلوں اور انگاروں‘‘ سے رقم ہے۔ اس موقع پر گورنر جیری براؤن نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آگ لگنے کے واقعات ہمیں ہر سال نیا سبق سکھاتے ہیں۔ ہم ایک ایسے علاقہ میں ہیں جہاں کبھی بھی کچھ بھی ہوسکتا ہے۔ ہم ہر سال اپنے بجٹ میں ’’آگ‘‘ کا فنڈ بھی علحدہ سے مختص کرتے ہیں اور اب تک اس مختص کردہ فنڈ کا ایک چوتھائی حصہ خرچ بھی ہوچکا ہے۔