نئی دہلی۔ 2 فروری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے کہا کہ ہم آہنگی ہندوستان کے سیکولرازم کا اٹوٹ حصہ ہے اور اسے دہشت گردی، انتہا پسندی کے علاوہ ان طاقتوں کو شکست دینے کیلئے استعمال کیا جانا چاہئے جو سماج کو تقسیم اور محاذ آرائی کی راہ پر لانا چاہتے ہیں۔ منسٹر آف اسٹیٹ پارلیمانی و اقلیتی اُمور نے آج ان کی رہائش گاہ پر نوجوانوں کے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کو کسی مذہب سے مربوط کرنا غلط ہے اور اگر ہم ایسا کریں تو دہشت گرد عناصر اپنے ناپاک منصوبوں میں کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آہنگی ہمارے ہندوستان میں سیکولرازم کا اٹوٹ حصہ ہے۔ ہمیں اس جمہوری ورثہ کا تحفظ کرنا ہوگا۔ ہم سیکولرازم کو ایک ہتھیار کے طور پر سماج کی ترقی، بھائی چارگی اور اتحاد کیلئے استعمال کرسکتے ہیں۔ ہمیں دہشت گرد عناصر کی سازشوں سے محتاط رہنا چاہئے جو سماج میں باہم لڑائی پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اتحاد و ہم آہنگی کے ذریعہ ہی انہیں شکست دی جاسکتی ہے۔ نقوی نے ’’انڈیا اگینسٹ ٹیراریزم ‘‘ کے وفد سے کہا کہ سیکولرازم کے سیاسی استحصال اور فرقہ پرستی کے سیاسی محرکات پر مبنی پروپگنڈہ کو بھی روکنے کی ضرورت ہے۔