ہمہ جہتی ترقی میں تلنگانہ سر فہرست ریاست ہوگی : کے ٹی آر کا ادعا

حیدرآباد 12؍ اپریل (سیاست نیوز) ملک گیر سطح پر ہمہ جہتی ترقی اور فلاح و بہبودی اقدامات میں تلنگانہ سرفہرست رہیگی ۔ کیونکہ ٹی آر ایس حکومت انتخابات میں عوام سے کئے ہوئے وعدوں کو پورا کرنے اقدامات کا آغاز کرچکی ہے اور آئندہ دنوں میں تمام وعدوں کو پورا کر دکھائیگی ۔ وزیر پنچایت راج انفارمیشن ٹکنالوجی مسٹر کے ٹی راماراؤ نے یہ بات کہی ۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ حکومت دس ماہ مکمل کرچکی ہے اور اس دوران کئی فلاح و بہبود و ہمہ جہتی ترقیاتی پروگراموں و اسکیمات پر عمل آوری کا آغاز کرچکی ہے جس کے تمام فوائد عوام تک پہونچائے جارہے ہیں ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ حکومت نے انتخابی وعدوں کے علاوہ بھی پروگرامس کا آغاز کیا ہے جس میں سوشیل ویلفیر بی سی ویلفیر ایس ٹی ویلفیر و دیگر ہاسٹلوں میں مقیم طلبا کیلئے باریک چاول سربراہ کرنے کلیان لکشمی اسکیم شادی مبارکب اسکیم خاندان کے ہر فرد کو چھ کیلو چاول کی فراہمی شامل ہے ۔ معمرین کیلئے ایک ہزار روپئے اور جسمانی معذورین کیلئے 1500 روپئے وظیفہ کا سہرا بھی تلنگانہ حکومت کے سر ہی جاتا ہے ۔