صدر اے پی مہیلا کانگریس نے چندرا بابو کے پوسٹرس کو پھاڑ دیا ، تلگو دیشم قائدین پر اظہار برہمی
حیدرآباد ۔ /18 اپریل (سیاست نیوز) صدر آندھراپردیش مہیلا کانگریس پارٹی شریمتی ایس پدما شری نے رکن اسمبلی تلگودیشم پارٹی مسٹر سی پربھاکر کو چیلنج کیا کہ اگر ان میں ہمت ہو تو مجھ پر (پدما شری) حملہ کر دکھائیں ۔ صدر آندھراپردیش مہیلا کانگریس پارٹی شریمتی ایس پدما شری نے آج صبح اے پی ایس آر ٹی سی بس پر چسپاں چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے ایک پوسٹر کو پھاڑ دیا بعد ازاں انہوں نے 11 بجے ہنومان جنکشن کے پاس پہونچکر ان پر (پدما شری پر) حملہ کرنے کا رکن اسمبلی تلگودیشم پارٹی و گورنمنٹ وہپ ، مسٹر سی پربھاکر کو چیلنج کیا ۔ لیکن وہاں پر پہونچکر ان پر حملہ کرنے میں ناکام ثابت ہونے والے مسٹر پربھاکر کو شریمتی پدما شری نے اپنی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ رکن اسمبلی اقتدار کے نشہ میں کمزوروں پر حملہ کرنے اور انہیں ڈرانے دھمکانے اور خوف زدہ کرنے کے عادی ہیں ۔ انہوں نے تلگودیشم پارٹی کو ہدف ملامت بناتے ہوئے کہا کہ صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے اپنے پالتو کتوں کو عوام پر حملہ کرنے کیلئے چھوڑرہے ہیں اور الزام عائد کیا کہ محض اقتدار کا گھمنڈ رکھتے ہوئے تلگودیشم پارٹی قائدین پاگل کتوں جیسی حرکتیں کررہے ہیں ۔ صدر آندھراپردیش مہیلا کانگریس پارٹی نے پولیس سے استفسار کیا کہ حملہ کرنے والے رکن اسمبلی تلگودیشم پارٹی مسٹر سی پربھاکر کو گرفتار نہ کرکے عام افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف کیسیس کیوں درج کئے گئے ۔ صدر مہیلا کانگریس آندھراپردیش نے کہا کہ ریاست میں روڈی راج چلایاجارہا ہے ۔