وزیراعظم اور بی جے پی دونوں وعدوں کی تکمیل میں ناکام: کانگریس
نئی دہلی2نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی پر یہ الزام لگاتے ہوئے کہ وہ ہماچل پردیش کے عوام سے اپنے وعدے پورے کرنے میں ناکام رہے ، کانگریس نے آج کہا کہ اس پہاڑی ریاست کے لوگ اس اعتماد شکنی کا بی جے پی کو منھ توڑ جواب دیں گے ۔کانگڑہ میں ایک ریلی میں مودی کے اس ریمارک پر کہ کانگریس تو ہنسی مذاق کا اڈہ ہے بن کر رہ گئی ہے ، لہذا ہماچل کے عوام اسے اختیار بدر کریں، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے میڈیا انچارج رندیپ سرجے والا نے وزیراعظم اور بی جے پی پر الزام لگایا کہ دونوں ہی پہاڑی ریاست کے عوام سے کئے جانے والے وعدوں کی تکمیل میں ناکام رہے ۔مودی حکومت کو ملک کی پہاڑی ریاستوں کی ’دشمن‘گردانتے ہوئے سرجے والا نے کہا کہ 2015 میں وزیراعظم مودی نے ہماچل پردیش کے پہاڑی علاقوں کو خصوصی حیثیت سے محروم کردیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی ویر بھدر سنگھ نے مرکز سے کئی بار درخواست کی کہ ہماچل کو خصوصی پہاڑی ریاست کا درجہ دیا جائے لیکن مودی نے ایسی کسی درخواست کو قابل اعتنا نہیں سمجھا۔ جس ریاست کو سابقہ یو پی اے حکومت کی طرف سے 2767 کروڑ روپے کا فنڈ ملا تھا اسے 15۔2014کے بعد سے مرکز نے ایک پیسہ نہیں دیا۔یہ ہماچل کے عوام کے ساتھ ناقابل معافی زیادتی ہے ۔