ہماچل پردیش میں نئی بی جے پی حکومت کی حلف برداری

جئے رام ٹھاکر چیف منسٹر ، وزیراعظم مودی، صدر بی جے پی امیت شاہ اور سینئر قائد اڈوانی شریک

شملہ۔ 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جئے رام ٹھاکر کو آج ریاست ہماچل پردیش کے 14 ویں چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف دلوایا گیا۔ ان کے ہمراہ تقریب حلف برداری میں دیگر وزراء بھی شریک تھے۔ تاریخی ریجس گراؤنڈز تقریب منعقد کی گئی تھی۔ گورنر آچاریہ دیورتھ نے حلف دلوایا۔ 52 سالہ ٹھاکر پانچ مرتبہ سیراج سے رکن اسمبلی رہ چکے ہیں۔ وزراء میں 6 نئے چہرے شامل ہیں۔ تقریب حلف برداری میں وزیراعظم نریندر مودی، قومی صدر بی جے پی امیت شاہ، کہنہ مشق بی جے پی قائد ایل کے اڈوانی اور کئی مرکزی وزراء نے شرکت کی۔ راجیو بندل اسمبلی اسپیکرمنتخب ہوئے۔ جئے رام پہلے چیف منسٹر ہیں جو سب سے بڑے ضلع منڈی کے ایک اسمبلی حلقہ سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔ سریش بھردواج اور گوئند سنگھ ٹھاکر نے سنسکرت میں جبکہ دیگر نے ہندی میں حلف لیا۔ سروین چودھری واحد خاتون وزیر ہیں جنہیں کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔ نئے وزراء میں مہیندر سنگھ، کشن کپور اور سریش بھردواج، انیل شرما، سروین چودھری، رام لعل مرکنڈا، ویپن پرمار، ویریندر کنور، گوبند ٹھاکر، راجیو سیرل اور وکرم سنگھ شامل ہیں۔ چیف منسٹر کے علاوہ دو وزراء ان کے آبائی ضلع منڈی کے ہیں۔ چار سب سے بڑے ضلع کانگڑا اور شملہ، سولن، کلو، پونا، لاہول اور اسپیتی سے ایک ایک وزیر لیا گیا ہے۔ نئی کابینہ نے صیانتی وظیفہ کی حد عمر میں کمی کرتے ہوئے 80 سال سے 70 سال کردیا۔ کابینی اجلاس کی صدارت چیف منسٹر جئے رام ٹھاکر نے کی۔ نئی اسمبلی کا اجلاس 9 تا 12 جنوری دھرم سالہ میں منعقد کیا جائے گا۔