شملہ 10 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت ہماچل پردیش نے دریائے بئیس میں بہہ جانے والے حیدرآباد کے انجینئرنگ طلبا کے لواحقین کو فی کس1.5 لاکھ روپئے امداد کا اعلان کیا ہے ۔ چیف منسٹر مسٹر ویرا بھدرا سنگھ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اعلان کیا ہے کہ مرنے والوں کے لواحقین کو فی کس 1.5 لاکھ روپئے امداد فراہم کی جائیگی اس کے علاوہ نعشوں کو حیدرآباد بھیجنے کے علاوہ متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد بھی کی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مرکزی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ ہماچل پردیش کیلئے قومی ڈیزاسٹر مینجمنٹ فورس کی ایک بٹالین فراہم کرے تاکہ یہاں آفات سماوی سے نمٹا جاسکے ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ ڈویژنل کمشنر منڈی کے ذریعہ اس حادثہ کی تحقیقات کا پہلے ہی حکم دیا جاچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دریا میں تمام اہم مقامات بشمول ڈیمس اور پاور پراجیکٹس کی فینسنگ کی جائیگی تاکہ عوام اس کے قریب جانے نہ پائیں۔
سینئر صحافی این رامچندرن کا انتقال
تھرواننتاپورم ۔ 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) روزنامہ کیرالا کوموڑتی کے ایڈیٹوریل مشیر اور سینئر صحافی این رامچندرن کا انتقال ہوگیا۔ ان کے خاندانی ذرائع نے یہ بات بتائی۔ 88 سالہ رامچندرن عمر رسیدہ ہونے کے باوجود چاق و چوبند تھے اور روزنامہ کیرالا کووڈی، کی ایڈیٹوریل میٹنگ میں بھی شرکت کی تھی لیکن گذشتہ شب اچانک ان کا اپنی رہائش گاہ پر انتقال ہوگیا۔ پسماندگان میں دو بیٹیاں ہیں۔ آنجہانی رامچندرن کیرالا پبلک سرویس کمیشن کے سابق رکن تھے اور ریولیوشنری سوشلسٹ پارٹی سے بھی ان کی وابستگی تھی۔ صحافت کو کیریئر بتانے سے قبل وہ فعال ٹریڈ یونین لیڈر بھی تھے۔