ہماچل پردیش اور نیپال میں زلزلہ کے جھٹکے

نئی دہلی ؍ کھٹمنڈو ۔ 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایک ہلکی شدت کا زلزلہ جس کی شدت ریختر پیمانے پر 3.8 ریکارڈ کی گئی۔ ہماچل پردیش کے علاقہ چمبا میں آج محسوس کیا گیا۔ قومی مرکز کے بموجب اس کا مبدا چمبا میں 15 کیلو میٹر کی گہرائی پر تھا اور یہ زلزلہ 7.30 بجے صبح محسوس کیا گیا۔ ہمالیائی پٹی خاص طور پر اتراکھنڈ، ہماچل پردیش اور شمال مغربی ہندوستان بڑے زلزلوں کے اعتبار سے مخدوش ہیں۔ دو دن قبل ایک ہلکا زلزلہ جس کی شدت 3.7 تھی۔ منی پور کے علاقہ چوڑا چاند پور میں بھی محسوس کیا گیا تھا۔ کٹھمنڈو سے موصولہ اطلاع کے بموجب 4.7 شدت کے زلزلہ کا ایک جھٹکا وسطی نیپال میں تبت کی سرحد سے متصل علاقہ میں محسوس کیا گیا۔ 6:11 بجے شام محسوس ہونے والے اس زلزلہ کا مبدا سندھو پال چوک ضلع میں تھا۔ یہ مابعد زلزلہ جھٹکا تھا جو سابقہ خوفناک زلزلہ کے بعد مسلسل محسوس کئے جارہے ہیں ۔ گذشتہ سال اپریل میں نیپال میں ہولناک زلزلہ آیا تھا۔