ہماچل سانحہ کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ

دفتر وزیر اعظم کو مکتوب روانہ کرنے طلبا کا فیصلہ
حیدرآباد 12 جون ( پی ٹی آئی ) شہر کے ایک انجینئرنگ کالج کے طلبا وزیر اعظم کے دفتر کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے ہماچل پردیش میں پیش آئے سانحہ میں 24 انجینئرنگ طلبا کی ہلاکت کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کرینگے ۔ شہر کے وی این آر وگیانی جیوتی انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ کے طلبا نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس حادثہ میں کچھ زندہ بچ جانے والے افراد اور طلبا کی جانب سے ایک آر ٹی آئی درخواست بھی پیش کی جائیگی تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ متعلقہ حکام نے ڈیم سے دریائے بئیس میں پانی چھوڑنے کیلئے کیا طریقہ اختیار کیا تھا اور کیا کچھ احتیاط کی گئی تھی ۔ طلبا نے کہا کہ آر ٹی آئی درخواست سے حکومت ہماچل پردیش کی جانب سے برتی گئی مبینہ لا پرواہی کا پتہ چلے گا اور یہ بھی معلوم ہوگا کہ ڈیم کے قریب خطرہ کا نشان کیوں آویزاں نہیں کیا گیا تھا ۔ علاوہ ازیں دریا کے اطراف کسی طرح کی فینسنگ کیوں نہیں کی گئی تھی اور پانی کے اخراج کے قبل خطرہ کا الارم کیوں نہیں بجایا گیا تھا ۔ طلبا نے کہا کہ وہ ان خاندانوں سے اظہار یگانگت کرنا چاہتے ہیں جو اپنے عزیزوں سے محروم ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک محض الزام ترشیاں چل رہی ہیں جس سے کچھ نہیں ہونے والا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ یہ واضح ہوجائے کہ غلطی کس کی ہے ۔