شملہ 28 اگست (سیاست ڈاٹ کام ) ہماچل پردیش کے نِرماند سب ڈویژن کے سارگ گاؤں میں کل تودے گرنے کے ایک بڑے واقعہ میں ایک چرواہے کی موت جبکہ ملبے میں دب کر سینکڑوں مویشی ہلاک ہوگئے۔ اس دوران وہاں موجود 10 سے زائد چرواہے کسی طرح اپنی جان بچاکر نکلنے میں کامیاب رہے ۔اس علاقے میں زوردار بارش ہورہی ہے اور پہاڑی علاقے کی مٹی گیلی ہونے کے سبب مٹی کے بڑے حصے اچانک نیچے گرگئے جس سے نشیبی علاقے میں مویشی چَرانے والا چرواہا ان تودوں کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔ چرواہے کی شناخت ہماکو گاؤں کے بیگانند کے طور پر ہوئی ہے ۔ ملبے کی زد میں آجانے سے 110 بھیڑ ، بکریاں، تین گائے نیز خچر بھی ہلاک ہوگئے۔