دفعہ 370 پر تنازعہ
سرینگر 29 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) برسر اقتدار نیشنل کانفرنس سربراہ فاروق عبداللہ نے آج کہا کہ ان کی پارٹی نے یہ اندیشے ظاہر کئے تھے کہ اگر بی جے پی اتحاد کو مرکز میں اقتدار مل جائے تو وہ دستور کی دفعہ 370 کو حذف کرے گی اور یہ اندیشے درست ثابت ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پہلے ہی اس طرح کے اندیشوں کا اظہار کرچکے ہیں کہ بی جے پی اس دفعہ کو حذف کرسکتی ہے ۔
جن سنگھ کے بانی شیام پرساد مکرجی نے بھی توثیق کی تھی: نیشنل کانفرنس
جموں ۔ 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر میں حکمران نیشنل کانفرنس نے آج یہ دعویٰ کیا کہ دفعہ 370 کی منظوری کو شیام پرساد مکرجی کی بھی تائید حاصل تھی جو جن سنگھ کے بانی ہیں اور اب یہ بی جے پی کی شکل اختیار کرچکی ہے۔ جموں کے نیشنل کانفرنس صدر دیویندر سنگھ رانا نے دستوری اسمبلی میں مباحث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شیام پرساد مکرجی نے بحیثیت رکن کبھی دفعہ 370 کی مخالفت نہیں کی اور اس دستور پر وہ دستخط کرنے والوں میں شامل ہیں۔