ہماری جلد کیلئے دھوپ جتنی ضروری ہے اتنی خطرناک بھی:تحقیق

نئی دہلی،4 جون (سیاست ڈاٹ کام)وٹامن ڈی صحت مند ہڈیوں ، دانتوں اور پٹھوں کے لئے بہت ضروری ہے ۔ ہمیں وٹامن ڈی بنانے کے لئے دھوپ کی ضرورت پڑتی ہے ۔ وٹامن ڈی کیسے حاصل کیا جائے اور ساتھ ہی دھوپ کے نقصان دہ اثرات سے کیسے بچا جائے ، یہ آپ کے جسم پر منحصر ہے ۔ اس کے علاوہ اس کا انحصار دن کے وقت یا سال کے دن پر ہے ۔ تحقیق کے مطابق دھوپ والے دنوں میں سیریٹونن ہارمون بننتا ہے جو مزاج خوشگوار بنادیتا ہے۔ مختلف لوگوں کو مختلف مقدار کی ضرورت پڑتی ہے ۔اس کے لئے خطرے اور فائدہ کی شرح بھی الگ الگ ہوتی ہے ۔اگر آپ کی رنگت گوری ہے تو آپ کے لئے 20 منٹ دھوپ کافی ہے ۔ گہری رنگت والوں کو چھ گنا زیادہ دھوپ کی ضرورت پڑتی ہے ۔گہری رنگت والوں کے جلد کے سرطان میں مبتلا ہونے کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔ تحقیق کے مطابق وٹامن ڈی حاصل کرنے کا آسان طریقہ یہ ہے کہ دھوپ میں کھڑے ہوکر اپنا سایہ دیکھیں۔ اگر آپ کا سایہ چھوٹا ہے تو اس دن خطرناک الٹرا وائلٹ لائٹ زیادہ طاقتور ہے ۔ اس دن آپ کو خود دھوپ سے بچانے کی ضرورت ہے۔ تحقیق سے بات بھی سامنے آئی ہے کہ کم دھوپ ملنے سے موڈ خراب رہتا ہے ۔ نیند کم آتی ہے اور وزن بڑھنے کے امکانات ہوتے ہیں۔دل کی بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے اور آپ کی ہڈیاں بھر بھری اور کمزور ہوجاتی ہیں۔ بعض لوگوں کو وٹامن ڈی کی گولیاں لینے کی ضرورت پڑتی ہے ۔لیکن ایک ساتھ ہی اکٹھے وٹامن ڈی حاصل کرنے کی کوشش بھی ٹھیک نہیں ہے ۔دھوپ میں یو وی شعاعیں جلد کے لئے نقصان دہ ہیں۔ اس سے جلد کے سرطان کا خطرہ بڑھ جاتا ہے ۔ ہر سال سورج کی روشنی سے جلد جلنے سے جلد کے سرطان کا خطرہ بڑھ کر تین گنا ہوجاتا ہے ۔ جلد کے نوے فی صد سرطانوں کا باعث زیادہ دھوپ ہے ۔اگر آپ جلد میں تبدیلی دیکھیں تو فوراً ڈاکٹر سے مشورہ کریں۔