ہماری بات

بچوں میں خصوصی طور پر نرمی سے بات کرنے اور برداشت کی قوت کو پروان چڑھانا چاہئے کیونکہ یہ انسان کے لئے کامیابی، عزت اور ترقی کا ذریعہ بنتی ہے۔ اس کی وجہ سے انسان کبھی غصہ سے بے قابو نہیں ہوتا۔ اگر کبھی کوئی بات اس کی مرضی کے خلاف ہوتی ہے تو وہ شوروغل نہیں مچاتا اور صبر و ضبط سے کام لے کر برائیوں سے بچتا ہے۔
ایک اخلاقی برائی کام چوری یعنی وقت پر کام نہ کرنا ہے۔ آج کے دور میں بچوں میں یہ برائی بڑی شدت سے پنپ رہی ہے۔ ان کے پاس وقت گزاری کے ایسے ایسے لوازم ہیں کہ انہیں احساس ہی نہیں ہوتا کہ وہ اپنا قیمتی وقت کس قدر آسانی سے ضائع کررہے ہیں۔ والدین خواہش رکھتے ہیں کہ ان کے بچے وقت کا صحیح مصرف کریں لیکن وہ مجبور ہیں کیونکہ شروع سے انہوں نے ان کی چھوٹی چھوٹی برائیوں کو نظرانداز کیا تھا۔ صرف اس گمان میں کہ ابھی یہ بچے ہیں، بڑے ہوکر سیکھ لیں گے، لیکن حقیقت کچھ اور ہے۔ ضرورت ہے آج اس بات کی کہ ہم بچپن ہی سے ان کی اخلاقی برائیوں پر نظر رکھیں اور بچوں میں ان خوبیوں کو فروغ دینے کی کوشش کریں جن سے ان کی شخصیت میں نکھار آئے۔