بچو! جس شہر میں آپ رہتے ہیں اور پڑھتے کھیلتے ہیں اس شہر کا خیال رکھنا بھی آپ پر اسی طرح لازم ہوتا ہے جیسے آپ اپنے ہر دل عزیز کھلونے کا رکھتے ہیں ۔ ایک منظر روز نظر آتا ہے اور وہ یہ کہ بیشتر گھروں سے پانی بہہ کر سڑکوں پر آرہا ہوتا ہے ۔ اس سے تین نقصانات ہوتے ہیں ۔
ایک تو اس سے پانی کا سراسر ضیاع ہوتا ہے ،دوسرا یہ کہ جب ہر سڑک پر پانی موجود ہوتا ہے تو پیدل آنے جانے والے لوگوں کو سب سے زیادہ پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اس سے بڑھ کر یہ کہ جو سڑکیں ہوتی ہیں، وہ بھی جلد ہی خراب ہوجاتی ہیں ۔ ہم نے یہ بات کئی بڑوں کو بھی سمجھائی لیکن پھر بھی کوئی فرق نہ پاکر ہم نے فیصلہ کیا کہ ہم چاند ستاروں کو اس مشن پر لگادیں گے کہ وہ جس گھر سے بھی سڑک پر پانی بہتا ہوا دیکھیںوہاں جاکر سمجھائیں کہ یہ کس قدر غلط روش ہے اور یہ مشورہ صرف دوسروں کو ہی نہ دیں بلکہ اپنے گھر پر بھی نظر رکھیں ورنہ کہیں ایسا نہ ہو کہ سب سے زیادہ پانی آپ کے گھر ہی میں ضائع کیا جاتا ہو ۔ تو وعدہ کریں کہ آج سے اپنے شہر کا بھر پور خیال رکھیں گے ۔
چاچا جان