ہماری بات

پیارے بچو!یہ زندگی اور صحت اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی بڑی ہی عظیم نعمتیں ہیں۔ ان کی حفاظت کرنا ، ان کو ضائع ہونے سے بچانا ہم پر لازم ہے۔صحت کی حفاظت کیلئے ہمارے بڑوں نے ہمیںبہت سی باتیں بتائی ہیں۔ ان میں سے کچھ تم بھی ذہن میں رکھو۔
٭ بغیر ہاتھ دھوئے ہرگز کچھ نہ کھاؤ اور جگہ جگہ ہرگز نہ تھوکو، جیب میں ضرور رومال یا ٹشو پیپر رکھو۔ ٭ لقمہ ہمیشہ چبا کر کھاؤ اور نگلو۔ ٭ کھاتے پیتے وقت ہنسنے ہنسانے والا مذاق نہ کرو، نہ ہی کوئی بات بہت جلدی یا بے قراری والی حالت میں کہو۔ اس سے لقمہ یا پانی کا گھونٹ حلق میں پھنس جاتا ہے جو بہت خطرناک بات ہے۔ ٭ مسواک اور منجن کرنے کی عادت ضرور ڈالو، دانت اچھے ہوں تو صحت بھی اچھی، دانت صاف ہوں گے تو ان کے ذریعے جو غذا پیٹ میں جائے گی ، اس آپ کے جسم کو فائدہ پہنچے گا۔ ٭ اپنی نیند بھی پوری کرو، فضول جاگتے نہ پھرو، ٭ ناخن صاف ہوں، پابندی سے کاٹے جائیں۔ ٭ پیشاب کبھی نہ روکیں، جب پیشاب خارج کرنے کا تقاضا ہو تو اس سے فارغ ہوجائیں ورنہ کئی نقصانات ہونے کا اندیشہ ہے اور کئی بیماریاں پیدا ہوتی ہیں اور ہرگز کھڑے ہوکر پیشاب نہ کریں۔ ٭ صرف گھر میں تیار کی گئی تازہ اشیاء کھائیں، اسکولوں کے باہر یا عام گلی کوچوں میں ٹھیلوں پر ملنے والے شربت یا کھلے کٹے ہوئے پھل یا دیگر چیزیں ہرگز نہ کھائیں۔