ہماری بات

بچو! جس طرح ساری دُنیا کا اندھیرا بھی ایک چھوٹے سے چراغ کی روشنی کو مٹا نہیں سکتا، اسی طرح ایک اچھی کتاب کے سامنے جہالت کے اندھیرے نہیں ٹھہر سکتے۔ تم اچھی طرح جانتے ہو کہ کتاب اور علم کا ایک دوسرے سے گہرا تعلق ہے۔ علم آدمی کو انسان بناتا ہے، اشرف بناتا ہے، بُرے اور بھلے کی تمیز سکھاتا ہے اور کتاب ذہن کو جِلا بخشتی ہے، کتاب ذہن کو روشن کرتی ہے۔

کتاب ایک اچھی ساتھی ہے، کتاب ایک سچا دوست ہے۔ اچھا دوست وہی ہوتا ہے جو دوست کا بھلا چاہتا ہے۔ دوست یہ چاہتا ہے کہ ہم صاحب ِ کردار ہوں، ہم میں امانت ہو ، دیانت ہو، صداقت ہو، ہمارے اخلاق ایسے اچھے ہوں کہ سب ہمیں پسند کریں۔ ہماری ذات سے کسی کو دُکھ نہ پہنچے۔ اچھی کتاب ہمیں ایسا ہی اچھا انسان بننا سکھاتی ہے جس طرح دُنیا میں اچھے اور بُرے لوگ ہیں، اسی طرح کتابیں بھی اچھی اور بُری ہوتی ہیں۔ اچھوں کی صحبت اچھا بناتی ہے اور بُروں کے پاس بیٹھ کر تو آدمی بُری باتیں ہی سیکھتا ہے۔ تمہیں ہمیشہ اچھی کتابیں تلاش کرکے پڑھنی چاہئیں تاکہ تم اچھے بنو۔یاد رکھو!کتاب تمہاری ہمراز ہے وہ تمہیں عالم کے گو ہر بنا کسی اجرت کے دیجاتی ہے اس کتاب ہی کی بدولت آج انسان خلاؤں میں کمندیں ڈال چکا ہے کتاب تمہیں علم دیتی ہے اور تمہارا کام علم بانٹنا ہے ۔