ہمارا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا : مودی

ہماری جیت کا سفر جاری رہے گا ، اجئے بھارت اٹل بھاجپا کا نعرہ
نئی دہلی ۔ /9 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے 2019 ء لوک سبھا انتخابات کیلئے بگل بجاتے ہوئے کہا کہ ہمارا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا ۔ بی جے پی کے سامنے اس وقت کوئی چیالنج نہیں ہے۔ اپوزیشن پارٹیوں کے اندر اتحاد کی کوششیں رائیگاں جارہی ہیں ۔ ان کی پارٹی کو بہت بڑی کامیابی ملے گی ۔ اجئے بھارت اٹل بھاجپا کا نعرہ دیتے ہوئے مودی نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کی پارٹی کو 2019 ء میں کامیابی ملے گی ۔ ہم نے اپنی کامیابی کا مکمل اعتماد کے ساتھ سفر شروع کیا تھا اور یہ سفر جاری رہے گا ۔ ہم کو ہندوستان کے 125 کروڑ عوام کا بھروسہ حاصل ہے ۔ بی جے پی کے دو روزہ قومی عاملہ اجلاس کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے مودی نے کانگریس صدر راہول گاندھی پر تنقید کی اور کہا کہ ان کی پارٹی کی قیادت کسی بھی حلیف پارٹی کو قبول نہیں کرسکتی اور یہ پارٹی دوسری پارٹیوں پر بوجھ بنی ہوئی ہے ۔ اس اپوزیشن کے پاس نہ تو کوئی نظریہ ہے اور نہ ہی کوئی لیڈر ۔ اس لئے ہمارے سامنے چیالنج کھڑا کرنے والا کوئی نہیں ہے ۔ جب یہ لوگ حکومت میں تھے ہر محاذ پر ناکام رہے اب اپوزیشن میں بھی ہے تو ناکام ہیں ۔ حریف پارٹیوں پر تنقید کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ یہ پارٹیاں ایک دوسری کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر دیکھ نہیں سکتی اور نہ ہی ایک دوسرے کے قریب بیٹھنے کی ہمت کرتی ہیں لیکن بی جے پی کو شکست دینے کیلئے ایک دوسرے کے قریب آنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ انہوں نے بی جے پی کے کارکنوں سے کہا کہ وہ کانگریس کو بے نقاب کریں اور کانگریس کے گاندھی خاندان کو بھی آشکار کریں ۔ ان کی پارٹی ملک کی ترقی اور اچھی حکمرانی کیلئے پابند عہد ہے ۔ ہمیں اپنے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنا ہوگا ۔ وقت بہ وقت ہم کو اپنی حکمت عملی بھی تبدیل کرنی ہوگی ۔ رام مندر کے مسئلہ پر انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ سپریم کورٹ میں زیردوراں ہے ۔