ہلاری کلنٹن کی ٹرمپ پر تنقید

واشنگٹن۔ یکم اپریل۔(سیاست ڈاٹ کام)  امریکہ کی سابق وزیر خارجہ ہلاری کلنٹن نے صحت، ترقی اور اسٹریٹجک امور کے بجٹ میں کمی کرنے پر صدر ڈونالڈ ٹرمپ پر تنقید کی ہے ۔ کلنٹن نے کہا ’’ہم لوگ اپنے ملک میں جو تبدیلی دیکھ رہے ہیں اس سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے ۔ موجودہ انتظامیہ نے بین الاقوامی پیمانے پر صحت، ترقی اور سفارت کاری کے فنڈ میں جو کمی کی تجویز پیش کی ہے وہ خواتین اور بچوں کیلئے ٹھیک نہیں ہے اور یہ اپنے ملک کیلئے خطرناک غلطی ہے ‘‘۔انہوں نے کہا کہ اسٹریٹجک امور میں پیچھے ہٹنا ہمارے ملک کے لئے محفوظ نہیں ہو گا۔ اس سے ہمارے ملک کی سلامتی کمزور ہو گی اور دنیا کے سامنے ہماری پوزیشن میں بھی تنزلی آئے گی۔واضح رہے کہ ٹرمپ نے اس ماہ کئی مدوں کے بجٹ میں کمی کی تجویز کانگریس کو بھیجی ہے ، جن میں محکمہ خارجہ میں 31 فیصد، ماحولیاتی تحفظ ایجنسی میں 31 فیصد اور محکمہ صحت میں 23 فیصد کمی کی تجویز ہے ۔