ہفتہ کو نواب شاہ عالم خاں کل ہند مشاعرہ

انوارالعلوم کالج گراونڈ میں مقرر ، عالمی شعراء کے ساتھ لتا حیا اور ڈاکٹر نسیم نکہت کی شرکت
حیدرآباد ۔ 5 ۔ اپریل : ( راست ) : انوارالعلوم ایجوکیشنل اسوسی ایشن کے زیر اہتمام 8 اپریل کو منعقد ہونے والے نواب شاہ عالم خاں کل ہند مشاعرے میں شرکت کے لیے تمام 16 مدعو شعرا 7 اور 8 اپریل کو حیدرآباد پہنچ جائیں گے ۔ ان مہمانوں میں دو خاتون شاعر لتا حیا اور ڈاکٹر نسیم نکہت بھی شامل ہیں ۔ لتا حیا حیدرآباد میں سنجیدہ اور مزاحیہ دونوں طرح کے مشاعرے لوٹ چکی ہیں ۔ لتا حیا نہایت جرات کے ساتھ بے باکانہ انداز میں اپنے خیالات کو شعری پیکر عطا کرتی اور خاص ترنم میں سناتی ہیں ۔ نسیم نکہت ہندی اور اردو اخبارات سے وابستہ رہیں اور کالم بھی لکھتی رہی ہیں ۔ بین الاقوامی شہرت کی حامل شاعرہ ہیں ۔ ان کے سات مجموعہ کلام اب تک شائع ہوچکے ہیں ۔ ان کا ایک شعر ہے :
تم اپنے درہم و دینار پر نہ اتراؤ    ہر ایک دور میں سکے بدلتے رہتے ہیں
راجیش ریڈی اپنے ملک کے اہم شہروں کے علاوہ امریکہ ، کینڈا ، دبئی ، ابوظہبی ، بحرین اور ماریشس کے کئی مشاعروں میں اپنا کلام سناچکے اور خوب داد سمیٹی ہے ۔ تمام اہم غزل گانے والے فن کاروں کے پسندیدہ شاعر ہیں ۔ ممبئی سے تعلق رکھنے والے عبدالاحد ساز کا نئی نسل کے اہم جدید شعرا میں شمار ہوتا ہے ۔ دو شعری مجموعے منظر عام پر آچکے ہیں ۔ ان کا ایک شعر ہے :
میں بڑھتے بڑھتے کسی روز تجھ کو چھو لیتا    کہ گن کے رکھ دیے تو نے مری مجال کے دن