ہسپانوی امن بردار کی ہلاکت کی سلامتی کونسل نے مذمت کی

اقوام متحدہ ۔ 5 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے جنوبی لبنان میں ایک ہسپانوی امن بردار کی گذشتہ ہفتہ ہلاکت کی سختی سے مذمت کی ہے۔ یاد رہے کہ فرانسسکو جیویئر سوریا ٹولیڈو اسرائیلی افواج کی لبنانی عسکریت پسندوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلہ میں ہلاک ہوگیا تھا۔ لبنانی عسکریت پسند گروپ حزب اللہ ایک متنازعہ سرحدی معاملہ پر اسرائیلی افواج کے ساتھ جھڑپوں پر اتر آیا تھا۔ اسپین کے اقوام متحدہ سفیر نے فوری طور پر اس واقعہ کیلئے اسرائیل کو موردالزام ٹھہرایا جبکہ اقوام متحدہ کے ایک سفارتکار نے بتایا کہ اسرائیل نے اس سلسلہ میں متعدد ذرائع سے معذرت خواہی کی ہے جس میں اسرائیل کے میڈرڈ میں متعینہ سفیر کی اسپین کے وزیرخارجہ کو پیش کردہ معذرت خواہی بھی شامل ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ لبنان کی سرحد پر ہوئی فائرنگ کے تبادلہ میں دو اسرائیلی فوجی بھی ہلاک ہوئے ہیں جسے 2006ء حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان ہوئی جنگ کے بعد سب سے زیادہ خونریز جھڑپ سے تعبیر کیا جارہا ہے۔