ہر ہندو خاندان 5 بچے پیدا کریں : اشوک سنگھل

بھوپال ۔ 22 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) کنوینر وشوا ہندو پریشد اشوک سنگھل نے آج یہاں کہا کہ جب تک جبری طورپر مذہب کی تبدیلی کے واقعات فوری روکیں نہ جائیں ، وہ دن دور نہیں ہوگا جب ہندو اس ملک میں اقلیت میں آجائیں گے ۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں سنگھل نے کہاکہ ہر ہندو جوڑے کیلئے پانچ ، پانچ بچے پیدا کرنا ضروری ہوگیا ہے ۔ وی ایچ پی کنوینر نے بی جے پی کے وزارت عظمیٰ امیدوار نریندر مودی کی بھرپور ستائش کی اور صدر کانگریس سونیا گاندھی کو کئی اُمور میں ہدف تنقید بنایا ۔ سنگھل نے کہاکہ وی ایچ پی کو بی جے پی سے کچھ لینا دینا نہیں لیکن دوہرایا کہ وہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں مودی کی بلاشبہ تائید کرے گا ۔ انھوں نے کہا کہ اگلی حکومت جو مودی کی وزارت عظمیٰ کے تحت تشکیل پائے گی ، کسی بھی گوشہ بشمول امریکہ کے دباؤ میں نہیں آئے گی۔ وی ایچ پی کنوینر نے کل رات یہاں آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت سے ملاقات بھی کی ۔