سری ہری کوٹہ۔ 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج کامیابی سے پانچ غیرملکی سیاروں کو جو چار ممالک سے تعلق رکھتے ہیں، PSLV-C23 راکٹ کے ذریعہ ان کے مدار میں پہنچا دیا۔ اس کارنامے کو وزیراعظم نریندر مودی نے ملک کی خلائی صلاحیتوں کی توثیق قرار دیا۔ ستیش دھون خلائی مرکز سے 9:52 بجے صبح پہلے لانچ پیاڈ سے بے عیب پرواز ہوئی جس کا مشاہدہ وزیراعظم نریندر مودی نے بھی کیا۔ ہندوستانی خلائی تحقیقات تنظیم کے پولار سیٹلائٹ لانچ وہیکل (PSLV-C23) نے تمام پانچ مصنوعی سیاروں کو اُن کے مقررہ مداروں میں پہنچا دیا۔ ایک کے بعد ایک 17 اور 19 منٹس کے درمیان پہلی پرواز کے بعد یہ مصنوعی سیارے بالکل درست وقت پر اپنے مداروں میں نصب کردیئے گئے، حالانکہ مہم کی تیاری پر نظر ثانی کمیٹی اور پرواز کے عہدیداروں نے جمعہ کے دن ہی پرواز کی منظوری دے دی تھی لیکن پرواز کا وقت آج دوبارہ 9:52 بجے دن 3 منٹ کی تاخیر سے مقرر کیا گیا۔ اس کی وجہ راکٹ کے راستے میں آنے والے ’’امکانی ملبے‘‘ تھے۔ اس کے علاوہ فرانسیسی ارضی مصنوعی سیارہ اسپاٹ 7 جسے PSLV-C23 اس کے مدار میں نصب کرنے لے جارہا تھا۔ جرمنی کا 14 کلو وزنی آئساٹ اور کینیڈا کے NLS 7.1 اور NLS 7.2 جن میں سے ہر ایک کا وزن 15 کلو گرام تھا اور سنگاپور کا 7 کلو وزنی ویلاکس۔1 شامل تھے، خلائی مرکز کے اپنے اولین سرکاری دورہ میں نریندر مودی نے ہندوستانی خلائی سائنس دانوں کی بھرپور ستائش کی اور ابتدائی دنوں میں تحقیق میں ان کے ادا کردہ حصے کو خراج تحسین پیش کیا، جنہیں راکٹ کے اجزاء کی تصاویر دکھائی گئیں جو سائیکلوں پر منتقل کی جارہی تھیں۔ واضح طور پر مسرور مودی نے کہا کہ اس پرواز کا مشاہدہ ان کے لئے ایک اعزاز ہے۔ انہوں نے ذہین خلائی سائنس دانوں کو اس کامیاب پرواز پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا ’’ آج ہر ہندوستان کا دل فخر سے لبریز ہے اور میں آپ کے چہرہ پر بھی اس مسرت کی جھلک دیکھ سکتا ہوں۔ وہ مشن کنٹرول روم سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج غیرملکی مصنوعی سیاروں کی کامیاب منتقلی ہندوستان کی خلائی صلاحیت کی بین الاقوامی توثیق ہے‘‘۔ مودی کے علاوہ چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو، گورنر آندھرا پردیش ای ایس ایل نرسمہن اور مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے سری ہری کوٹہ خلائی مرکز سے پرواز کا مشاہدہ کیا۔ وزیراعظم کل پرواز کے مشاہدہ کے لئے خلائی مرکز پہنچے تھے۔ وزیراعظم اس مشاہدہ کے بعد دہلی واپس ہوگئے۔ گورنر تملناڈو نے بھی سائنس دانوں کو مبارکباد دی۔