ہر گھر کو صاف پانی اور انٹرنیٹ خدمات پر توجہ: کے ٹی آر

حیدرآباد ۔ 26فبروری ( این ایس ایس ) وزیرآئی ٹی و بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے آج کہا کہ حکومت تلنگانہ اپنے پروگراموں اور اسکیمات تک عوام کی بلاتاخیر رسائی کو یقینی بنانے کیلئے ای ۔ گورننس کو ترجیح دے رہی ہے ۔ کے ٹی راما راؤ نے حیدرآباد انٹرنیشنل کنونشن سنٹر میں ای ۔ گورننس پر 21ویں قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو موثر خدمات کی فراہمی کیلئے ریاست بھر میں 4,500 می ۔ سیوا مراکز قائم کئے گئے ہیں ۔ اس کانفرنس میں مرکزی وزیر سی کے چودھری اور 800مندوبین نے شرکت کی ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ای ۔ گورننس سہولت کے ساتھ حکومت عوام کو تیز رفتاری سے بہتر و موثر خدمات فراہم کرنے کے قابل ہوئی ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ٹی ۔ ویلٹ کے ذریعہ معاملتوں پر عوام کی طرف سے بہتر ردعمل دیکھا جارہا ہے ۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ 13لاکھ افراد ایم ۔ ویلٹ ایپ ڈاؤن لوڈ کئے ہیں جس سے اس اسکیم کی مقبولیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کرنے میں سہولت و آسانی کے معاملہ میں تلنگانہ ملک کی سرفہرست ریاست کی حیثیت سے ابھری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ مشن بھگیرتا اسکیم کے ذریعہ پاک صاف و محفوظ پانی کے ساتھ ہر گھر کو براڈ بینڈ انٹرنیٹ سرویس کی فراہمی کیلئے ریاست کو ڈیجیٹل تلنگانہ میں بدلنا ہمارا مقصد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 86 سال کے بعد پہلی مرتبہ ہم نے اراضیات کے ریکارڈ کو صاف و شفاف بنایا ہے ۔