نئی دہلی 29 جون (سیاست ڈاٹ کام ) للت مودی تنازعہ پر وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی پر جاری تنقیدوں کومسترد کرتے ہوئے مرکزی وزیر وی کے سنگھ نے کہا کہ ہر معاملہ پر وزیر اعظم کی جانب سے رد عمل کا اظہار ضرور نہیں وہ جب بھی موزوں وقت ہوگا وہ ضرور اس معاملہ میں بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپٖ ایسا کیوں چاہتے ہیں کہ وزیر اعظم کو صرف بیانات دیتے رہنا چاہئے ؟ ہر موضوع پر رد عمل کا اظہار نا مناسب ہوتا ہے۔ اگر کوئی نیوز چینل کسی موضوع کو زیادہ پیش کرتا ہے تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ وزیر اعظم اس موضوع پر کچھ بات کریں ۔ جب بھی موزوں وقت آئے گا وزیر اعظم ضرور بات کریں گے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ وزیر امور خارجہ نے للت مودی کے بارے میں آر ٹی آئی سوال کا جواب نہیں دیا ہے انہوں نے بتایا کہ آر ٹی آئی کے بعض قواعد ہوتے ہیں اور وزارت کو اس کے مطابق ہی جواب دینا ہوتا ہے ۔ مسٹروی کے سنگھ نے 9 ویں یوم شماریات کے موقع پر منعقدہ تقریب میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جو نکتہ چینی کیا کرتے ہیں وہ ہر حال میں یہی کریں گے ۔ اس لئے ایسی باتوں پر رد عمل کی ضرورت نہیں ہوتی جنہیں غیر ضروری اچھالا جارہا ہے ۔ ان باتوں کی کوئی بنیاد نہیں ہے ۔ وی کے سنگھ منسٹر آف اسٹیٹ امور خانہ کے علاوہ اعداد و شمار و پروگرام عمل آوری منسٹر آف اسٹیٹ کا آزادانہ قلمدان رکھتے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ بعض نیوز چینلس للت مودی مسئلہ پر نصف ماہ سے نیوز چلا رہے ہیں ۔