ہر ضلع میں لڑکے اور لڑکیوں کیلئے ریسیڈنشیل اسکولس

جامع تجاویز روانہ کرنے محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کو ڈپٹی چیف منسٹر کی ہدایت
حیدرآباد۔/6ستمبر، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے ریاست کے ہر ضلع میں ایک لڑکیوں اور ایک لڑکوں کیلئے 2 جنرل ریسیڈنشیل اسکولس قائم کرنے کیلئے تجاویز روانہ کرنے کی محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ ہیڈ ماسٹرس کیلئے لیڈر شپ اور ٹیچرس کیلئے سبجیکٹس اور اسپوکن انگلش کی تربیت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا۔ آج وزیر تعلیم و ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کا اجلاس طلب کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی سہولیات کیلئے اضلاع کی تنظیم جدید کرتے ہوئے مزید 21 اضلاع کا اضافہ کرتے ہوئے جملہ اضلاع کی تعداد 31 تک پہنچادی گئی ہے۔ ہر ضلع میں 2 جنرل ریسیڈنشیل اسکولس کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے عہدیدار حکومت کو تجاویز روانہ کریں۔ اضلاع کی تنظیم جدید کے بعد بعض اضلاع میں لڑکوں کے اور بعض اضلاع میں لڑکیوں کے ریسیڈنشیل اسکولس دستیاب نہیں ہیں۔ ہر ضلع میں دو جنرل ریسیڈنشیل اسکولس کا قیام لازمی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے سرکاری اسکولس میں تعلیمی معیار کو بلند کرنے کیلئے مرکزی حکومت سے بسٹ ہیڈ ماسٹر کا ایوارڈ حاصل کرنے والے ہیڈ ماسٹرس پر ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا اور اندرون تین ماہ کمیٹی سے رپورٹ طلب کرنے کی ہدایت دی۔ ڈیجیٹل کلاس کی دشواریوں کو دور کرنے ڈیجیٹل سبجیکٹس کو اَپ ڈیٹ کرنے کیلئے ایف سی ای آر پی اور ایس آئی ٹی ای کے ڈائرکٹرس پر کمیٹی تشکیل دی گئی اس کی تفصیلات ڈپٹی چیف منسٹر نے عہدیداروں کو بتاتے ہوئے کہا کہ تین ماہ میں یہ کمیٹی بھی ڈیجیٹل کلاسیس کیلئے جامع رپورٹ پیش کرے گی۔ تاحال تلنگانہ میں 35 جنرل ریسیڈنشیل اسکولس ہیں جنہیں کالجس میں اَپ گریڈ کیا گیا ہے۔ 6 اسکولس میں کالج کی تعلیم دی جارہی ہے۔ آئندہ سال سے29 اسکولس کالجس میں تبدیل ہوجائیں گے۔ اسکولس کیلئے کیا ضرورتیں ہیں، تدریسی و غیر تدریسی کتنا عملہ چاہیئے اس کی تفصیلات اور بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے درکار فنڈز کی تفصیلات عہدیداروں سے طلب کی۔ کڈیم سری ہری نے کے جی بی وی ماڈل اسکولس اور ریسیڈنشیل اسکولس کو مسائل سے پاک بنانے کی ہدایت دی۔ جاریہ سال سرکاری اسکولس میں امتحانات کے صد فیصد نتائج حاصل کرنے کیلئے خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی۔ اس کی حکمت عملی ابھی سے تیار کرنے کا مشورہ دیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے ہیڈ ماسٹرس کو لیڈر شپ اور اساتذہ کو سبجیکٹ کے ساتھ اسپوکن انگلش کی تربیت فراہم کرنے کیلئے پروگرام تیار کرنے کے احکامات جاری کئے۔ تربیت فراہم کرنے کیلئے انگلش اینڈ فارن لینگویجس یونیورسٹی ( ایفلو ) و پرو۔ برٹش کونسل جیسے اداروں کا تعاون حاصل کرنے اور ضرورت پڑنے پر معاہدے کرنے کا بھی عہدیداروں کو اختیار دیا۔