ہر شعبہ کیلئے 24 گھنٹے برقی سربراہی حکومت کا کارنامہ

ایک کروڑ افراد میں مفت عینکوں کی تقسیم کا منصوبہ ، وزیر آبپاشی ہریش راؤ کا بیان
حیدرآباد ۔ 13 ۔جون (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے دعویٰ کیا کہ ٹی آر ایس حکومت نے ہر شعبہ کے لئے 24 گھنٹے برقی سربراہی کا کارنامہ انجام دیا ہے ۔ متحدہ آندھراپردیش میں گرما کے آغاز کے ساتھ ہی عوام کو برقی کی قلت کا سامنا کرنا پڑتا رہا ۔ تلنگانہ ریاست میں کے سی آر حکومت نے گرما میں برقی کٹوتی کے بغیر بلا وقفہ سربراہی کو جاری رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی ریاست کی تشکیل کے بعد اندرون 6ماہ برقی بحران پر قابو پالیا گیا ۔ متحدہ آندھراپردیش میں زرعی شعبہ اور صنعتی شعبہ کو سنگین بحران کا سامنا تھا ۔ صنعتوں کیلئے پاور ہالی ڈے کے سبب پیداوار متاثر ہورہی تھی انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے زرعی شعبہ کے لئے 24 گھنٹے سربراہی کا ملک بھر میں ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ ہندوستان کی کسی بھی ریاست میں 24 گھنٹے برقی سربراہی کا نظم نہیں ہے۔ دیگر ریاستوں کے کسان تلنگانہ کی طرف دیکھ رہے ہیںاور وہ اپنی حکومتوں سے تلنگانہ کی طرح اسکیمات پر عمل کرنے پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔ ہریش راؤ نے بتایا کہ دسہرہ تہوار تک چیف منسٹر ہر گھر کو نل کے ذریعہ صاف پینے کا پانی سربراہ کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پٹن چیرو اسمبلی حلقہ میں 3000 کروڑ کے خرچ سے ترقیاتی کام انجام دیئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ مشن کاکتیہ اور مشن بھگیرتا حکومت کے اہم پراجکٹس ہیں۔ گھر گھر پینے کے پانی کی سربراہی اور آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل کے ذریعہ تلنگانہ کو سنہرے تلنگانہ میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 60 برسوں سے تلنگانہ کے عوام پینے کے پانی اور آبپاشی کیلئے جدوجہد کرتے رہے ہیں۔ ہریش راؤ نے بتایا کہ حکومت ریاست کے ہر شہری کے آنکھوں کے معائنہ کا پروگرام تیار کر رہی ہے ۔ ایک کروڑ افراد کو مفت عینکیں فراہم کی جائیں گی۔