ہر خاندان کے ایک فرد کو سرکاری ملازمت فراہم کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں

قائد اپوزیشن تلنگانہ کونسل محمد علی شبیر کے سوال پر محمد محمود علی کا جواب
حیدرآباد۔یکم۔نومبر (سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے ہر خاندان میں ایک ملازمت کی فراہمی پر کوئی غور نہیں کیا جا رہا ہے ۔جناب محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ نے قانون ساز کونسل کے اجلاس کے دوران وقفہ سوالات میں اٹھائے گئے قائد اپوزیشن جناب محمد علی شبیر کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہر خاندان میں ایک فرد کو ملازمت کی فراہمی کے سلسلہ میں کوئی غور نہیں کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایاکہ تاحال حکومت نے 63ہزار 25جائیدادوں پر تقررات کی اجازت دی ہے اور اور 48ہزار 35 جائیدادیں مختلف شعبوں و زمروں میں مخلوعہ ہیں ۔جناب محمد محمود علی نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے تقررات کے مجاز اداروں کے ذریعہ ہی تقررات عمل میں لائے جا رہے ہیں ۔انہوں نے بتایاکہ درکار ضرورت اور صلاحیت کی بنیاد پر تقررات عمل میں لائے جا رہے ہیں۔قائد اپوزیشن جناب محمد علی شبیر نے تلنگانہ قانون ساز کونسل میں سوال اٹھاتے ہوئے حکومت سے استفسار کیا تھا کہ آیا ریاستی حکومت کی جانب سے ہر خاندان میں ایک فرد کو سرکاری ملازمت کی فراہمی پر غور کیا جا رہا ہے اور اگر کیا جا رہا ہے تو اس منصوبہ پر کیا پیشرفت حاصل ہوئی ہے۔ان کے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے واضح کیا کہ ایسا کوئی منصوبہ حکومت کے زیر غور نہیں ہے کہ ہر خاندان میں ایک فرد کو سرکاری نوکری فراہم کی جائے۔