ہر خاندان کو سالانہ 2 لاکھ روپئے دینے کا وعدہ

تلگو دیشم کا انتخابی منشور جاری ، متعدد فوائد کے لیے چندرا بابو اعلان
حیدرآباد ۔ 6 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : آندھرا پردیش میں حکمراں تلگو دیشم پارٹی نے عام انتخابات کے لیے آج یہاں جاری کردہ اپنے انتخابی منشور میں ہر خاندان کو سالانہ 2 لاکھ روپئے دینے اور پیدائش سے موت تک ہمہ اقسام کے مالی فوائد فراہم کرنے کا وعدہ کی ہے ۔ تلگو دیشم کے صدر اور چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے ان کی پارٹی کو اقتدار ملنے کی صورت میں ہر غریب خاندان کو سالانہ 72,000 روپئے دینے کا وعدہ کیا ہے لیکن ہم ( تلگو دیشم حکومت ) دوبارہ برسر اقتدار آنے پر ہر خاندان کو سالانہ 2 لاکھ روپئے دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ’ اس حد تک ہماری مدد کے بارے میں کوئی تصور بھی نہیں کرسکتا ۔ تلگو دیشم پارٹی نے مرکز کی ’ پی ایم کسان سمان اسکیم ‘ کو ریاستی حکومت کی میچنگ گرانٹ کے ساتھ جاری رکھتے ہوئے ہر کسان کو سالانہ 15000 روپئے ادا کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔ تلگو دیشم پارٹی سے چند گھنٹوں قبل اصل اپوزیشن جماعت وائی ایس آر کانگریس نے بھی اپنا منشور جاری کیا اور زیادہ نہ سہی لیکن تلگو دیشم کے برابر امداد اور فوائد پہونچانے کا وعدہ کیا ۔ آندھرا پردیش میں 11 اپریل کو لوک سبھا کے تمام 25 اور اسمبلی کے 175 حلقوں کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے ۔۔