ہر ایک کو دل کی بات کہنے کی آزادی ہونی چاہئے : شاہ رخ

لندن 2 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ سوپر اسٹار شاہ رخ خان نے کہاکہ جس طرح ہر شعبہ میں کام کرنے والوں کو اظہار خیال کی آزادی ہوتی ہے، اسی زمرے میں فلم اداکار بھی آتے ہیں۔ حال ہی میں عامر خان کی جانب سے دیئے گئے ایک بیان پر تنازعہ پیدا ہوگیا تھا اور سوشیل میڈیا پر اُن کی تائید اور مخالفت کرنے والوں کی لفظی جنگ چھڑ گئی تھی۔ شاہ رخ خان نے کہاکہ یہ کوئی تنازعہ کی بات نہیں ہے کہ کوئی فلم اداکار اپنے دل کی بات کہے جبکہ اس کا مقصد کسی کی دلآزاری نہیں ہوتا۔ دل کی بات یا جیسا کہ وزیراعظم ’’من کی بات‘‘ ریڈیو پروگرام چلاتے ہیں، اگر اس پلیٹ فارم پر آکر کوئی اپنے من کی بات کہہ دے تو کیا تنازعہ پیدا ہوجائے گا؟ اظہار خیال کی آزادی کا مطلب یہ ہے کہ آپ کچھ کہتے ہیں اور اُسی بات پر کوئی اور اپنی رائے پیش کرتا ہے۔ یہاں تک کہ اس موضوع پر لوگ مباحثہ کرنے لگتے ہیں۔ 50 سالہ شاہ رخ خان بھی کچھ عرصہ قبل تنازعہ کا شکار ہوئے تھے۔ شاہ رخ خان اس وقت اپنی نئی فلم ’’دل والے‘‘ کے پروموشن کے لئے فلم کی پوری یونٹ کے ساتھ لندن میں ہیں جو عالمی سطح پر 18 ڈسمبر کو ریلیز کی جارہی ہے۔