درگاہ حاجی علی تنازعہ : جہدکار تروپتی کو ایم آئی ایم کی دھمکی
ممبئی ، 28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اے آئی ایم آئی ایم کے حاجی رفعت حسین نے آج جہدکار تروپتی دیسائی کو ممبئی کی درگاہ حاجی علی میں داخلے کی کوشش پر انھیں کالی سیاہی میں رنگ دینے کی دھمکی دی ہے۔ رفعت نے نیوز ایجنسی ’اے این آئی‘ کو بتایا کہ تروپتی اپنے اقدام کے ذریعے موجودہ ماحول کو بگاڑنے کوشاں ہے، نیز یہ کہ ممبئی پولیس کو اس کا نوٹ لیتے ہوئے اُن کو روکنا چاہئے۔ رفعت نے کہا: ’’ہمارے خیال میں جو کچھ کام دیسائی جی نے مندر کیلئے کیا، وہ ٹھیک ہے، لیکن میرا احساس ہے کہ اگر وہ مسلمانوں پر انگلی اٹھائے تو وہ برداشت نہیں کریں گے۔ بھوماٹا رنراگینی بریگیڈ کی بانی تروپتی دیسائی جس نے قبل ازیں اعلان کیا تھا کہ وہ 28 اپریل کو اس درگاہ میں داخل ہوں گی، اُس نے اپریل میں ’حاجی علی سب کیلئے‘ کے زیرعنوان مہم شروع کی تھی تاکہ خواتین کو بھی پیر حاجی علی شاہ بخاری کے مقبرہ میں داخل ہوکر وہاں ’چادر‘ پیش کرنے کی اجازت دلائی جائے۔ تروپتی نے آج بالی ووڈ ایکٹرز شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان سے اس کاز کی تائید کرنے کی اپیل کی، جس کا مقصد مذہبی مقامات پر خواتین سے امتیازی سلوک کو ختم کرنا ہے۔مندروں میں پوجا کرنے کے خواتین کے حق کیلئے کامیاب مہم کی قیادت کرنے کے بعد تروپتی نے دوشنبہ کو کہا تھا کہ راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ کو چاہئے کہ خواتین کو تنظیم میں شامل ہونے کی اجازت دے۔اور امید ظاہر کی کہ آر ایس ایس اُن کے مطالبے پر غور کرے گا۔