ہر اچھے کام میں رکاوٹ پیدا کرنا اپوزیشن کی عادت

گمراہ کن پروپگنڈہ سے عوام کو مشتعل کرنے کی کوشش ، ٹی ہریش راؤ کا خطاب
حیدرآباد۔/24جون، ( سیاست نیوز ) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے ریمارک کیا کہ ہر اچھے کام میں رکاوٹ پیدا کرنا اپوزیشن کی عادت بن چکی ہے۔ کسانوں کو خشک سالی سے نجات دلانے کیلئے تعمیر کئے جانے والے پراجکٹس کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کن پروپگنڈہ سے مشتعل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ ملنا ساگر کی تعمیر کے مسئلہ پر صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کو اظہار خیال کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں پولی چنتلا پراجکٹ تعمیر کیا گیا اور اس پانی سے آندھرائی علاقہ کو سیراب کیا گیا لیکن تلنگانہ کے 13 مواضعات زیر آب آئے اور 13000 ایکر اراضی پر فصلیں تباہ ہوئیں۔ اس موقع پر اتم کمار ریڈی نے کوئی احتجاج نہیںکیا۔ کسانوں کو مناسب معاوضہ کی ادائیگی میں بھی کانگریس پارٹی ناکام رہی۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار میں عوامی مسائل کی یکسوئی میں ناکام افراد کو حکومت پر تنقید سے گریز کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ کریم نگر ضلع میں توٹہ پلی پراجکٹ کے ذریعہ 49000 ایکر اراضی کو پانی سیراب کیا جائے گا۔ اس پراجکٹ سے 3 مواضعات کے زیر آب ہونے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹ کیلئے حاصل کی جانے والی اراضیات کا معقول معاوضہ ادا کیا جارہا ہے۔ ہریش راؤ نے کانگریس اور تلگودیشم قائدین پر پراجکٹ کے بارے میں واقفیت کے بغیر ہی اظہار خیال کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو مشتعل کرنے کی لاکھ کوشش کی جائے لیکن اس سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا اور عوام حقائق سے اچھی طرح واقف ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ حکومت مقررہ وقت پر پراجکٹ کی تعمیر کا عہد کرچکی ہے اور کوئی  بھی طاقت پراجکٹ کی تعمیر میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔