ہر امیدوار کو 10 کروڑ انتخابی خرچ کے اعلان پر تنقید

قوانین کی خلاف ورزی ۔ الیکشن کمیشن کارروائی کرے ء محمد علی شبیر
حیدرآباد 25 اگست : ( سیاست نیوز ) : قائد اپوزیشن کونسل محمد علی شبیر نے چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے ٹی آر ایس کے ہر امیدوار کو فی کس انتخابی خرچ 10 کروڑ روپئے دینے کے اعلان کو انتخابی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا اور ان سے استفسار کیا کہ 2 ہزار کروڑ روپئے کہاں سے آئے ۔ الیکشن کمیشن سے شکایت کا اعلان کیا ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ چیف منسٹر دوبارہ کامیابی کا خواب دیکھ رہے ہیں ۔ جس دن نتائج برآمد ہوں گے اُس دن ان کا خواب چکنا چور ہوجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کو نظر انداز کرکے چیف منسٹر قبل از وقت انتخابات کے نام پر ٹائم پاس کررہے ہیں ۔ ضلع نظام آباد کے کسان زرعی اغراض کیلئے پانی طلب کررہے ہیں لیکن چیف منسٹر ان کے نظروں سے اوجھل ہیں ۔ تلنگانہ بھون میں منعقدہ ٹی آر ایس مقننہ اور پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے ٹی آر ایس کے ہر امیدوار کو انتخابی خرچ 10 کروڑ روپئے دینے کا اعلان کیا ہے جو انتخابی قواعد کی خلاف ورزی ہے ۔ 2 ہزار کروڑ روپئے چیف منسٹر کے پاس کہاں سے آئے چیف منسٹر اس کی وضاحت کریں ۔ چیف منسٹر کے اس اعلان کی الیکشن کمیشن از خود کارروائی کرے یا پھر کانگریس کمیشن سے شکایت کرکے کے سی آر کو عہدے سے برطرف کرنے نمائندگی کریگی ۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ انتخابات کانگریس کیلئے نئی بات نہیں ہیں اور نہ ہی کانگریس انتخابات سے گھبرانے والی ہے ۔ وہ کسی بھی وقت عوام کا سامنا کرنے تیار ہے ۔ جب بھی انتخابات ہونگے کانگریس بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی ۔
ایم بی بی ایس و بی ڈی ایس داخلے : آخری مرحلہ کی کونسلنگ کا اعلامیہ جاری
حیدرآباد 25 اگست : ( سیاست نیوز ) : کالوجی ہیلت یونیورسٹی کی جانب سے ریاست کے سرکاری و خانگی میڈیکل کالجس میں کنوینر کوٹہ کے تحت ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میڈیکل کورسیس میں داخلوں کیلئے آخری مرحلہ کی کونسلنگ کیلئے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے ۔ ڈاکٹر پروین راؤ رجسٹرار کالوجی نے کہا کہ خواہش مند طلبا وطالبات آخری مرحلہ کی کونسلنگ سے متعلق تفصیلات کیلئے کالوجی ہیلت یونیورسٹی کے ویب سائٹ knruhs.in پر مشاہدہ کرسکتے ہیں۔