مانصاحب ٹینک، لکڑی کا پُل، جوبلی ہلزمیں آمدورفت میں مشکل
حیدرآباد ۔ /29 اگست (سیاست نیوز) فلمی اداکار و سابق وزیر مسٹر این ہری کرشنا کی ضلع نلگنڈہ میں سڑک حادثہ میں ہلاکت کے بعد ان کی نعش آج ان کی رہائش گاہ واقع این ایم ڈی سی مانصاحب ٹینک منتقل کی گئی تھی جس کے نتیجہ میں شہر میں ٹریفک کا بہاؤ کئی گھنٹوں تک انتہائی طور پر متاثر رہا ۔ ہری کرشنا کی نعش کو نارکٹ پلی میں بعد پوسٹ مارٹم ان کے رہائش گاہ لائی گئی جس کے بعد مانصاحب ٹینک سروجنی دیوی آئی ہاسپٹل مہدی پٹنم ، لکڑی کا پل ، ایودھیا جنکشن اور جوبلی ہلز اور بنجارہ ہلز کے بعض علاقوں میں ٹریفک کے بہاؤ میں خلل پیدا ہوگیا ۔ آج سہ پہر 3 بجے سے ٹریفک کی رفتار کم ہوگئی تھی اور ٹریفک پولیس عملہ کی موجودگی کے باوجود بھی حالات میں کوئی سدھار نہیں آیا ۔ سڑک حادثہ میں ہری کرشنا کی موت سے پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے ٹریفک پولیس عملہ بے بس ہوگیا اور بہت ہی کم وقفہ میں ٹریفک کے بہاؤ میں بے انتہا خلل پیدا ہوگیا ۔ عوام متبادل راستے اختیار کرنے کی کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے اور شام 7 بجے کے بعد ہی ٹریفک کے بہاؤ میں سدھار دیکھا گیا ۔ شہر میں اچانک ٹریفک جام کی صورتحال کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے ایف ایم ریڈیو ، سوشیل میڈیا ، فیس بک ، ٹوئیٹر اور واٹس ایپ کے ذریعہ عوام کو ٹریفک جام کے راستوں کی سمت نہ آنے کیلئے آگاہ کیا ۔ ٹریفک جام کے سنگین صورتحال کے نتیجہ میں ٹریفک کے اعلیٰ عہدیدار خود علاقہ میں پہنچ کر ٹریفک کو بحال کرنے کی کوشش کی۔