ہری کرشنا تلگودیشم پولیٹ بیورو اجلاس سے اچانک واپس

حیدرآباد۔27جنوری ( سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا و سینئر قائد تلگودیشم پارٹی مسٹر این ہری کرشنا نے پارٹی پولیٹ بیورو اجلاس کے دوران انہیں دوبارہ راجیہ سبھا کے لئے موقع فراہم کرنے کی صدر تلگودیشم پارٹی مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے خواہش کر کے پارٹی اجلاس سے اچانک واپس ہوگئے ۔ انہوں نے بتایا کہ چونکہ وہ بھی راجیہ سبھا کیلئے دوبارہ دعویدار ہیں اسی لئے وہ اجلاس سے روانہ ہورہے ہیں ‘ تاہم بتایا جاتا ہے کہ مسٹر این ہری کرشنا بطور احتجاج پارٹی اجلاس سے چلے گئے کیونکہ سمجھا جاتا ہے کہ مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے انہیں پارٹی امیدوار بنانے سے انکار کردیا ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی صدارت میں راجیہ سبھا امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دینے کیلئے پولیٹ بیورو اجلاس طلب کیا گیا ۔ اس اجلاس میں دو امیدواروں کیلئے مختلف ناموں پر غوروخوض کیا گیا جن میں مسرس جی ہنمنت راؤ ‘ ایم نرسمہلو ‘ پشپا راج ‘ پرتیبھا بھارتی و دیگر قائدین کے نام شامل ہیں ۔