جنرل منیجر ایم ایف سی وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوش
حیدرآباد 31 جنوری (سیاست نیوز) سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن بی شفیع اللہ کو تلنگانہ اسٹیٹ میناریٹیز اسٹڈی سرکل کے ڈائرکٹر کی زائد ذمہ داری دی ہے۔ اس سلسلہ میں آج جی او جاری کیا گیا۔ اس عہدہ کی زائد ذمہ داری سے سبکدوش ہونے والی شریمتی جے ایل بی ہری پریہ ڈپٹی کلکٹر کو ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر حیدرآباد کی زائد ذمہ داری دی گئی۔ کیوں کہ اس عہدہ کی زائد ذمہ داری سنبھالنے والے سید ولایت حسین جنرل منیجر تلنگانہ اقلیتی فینانس کارپوریشن وظیفہ پر سبکدوش ہوگئے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے ایک اور جی او جاری کرتے ہوئے سید ولایت حسین کو ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر حیدرآباد کی زائد ذمہ داری کے وقفہ کا الاؤنس منظور کیا ہے۔ اسی دوران جنرل منیجر اقلیتی فینانس کارپوریشن کے عہدہ سے سید ولایت حسین آج وظیفہ پر سبکدوش ہوگئے۔ اُن کی وداعی تقریب کارپوریشن کے آفس حج ہاؤز میں منعقد ہوئی سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل وداعی تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔ جبکہ منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن بی شفیع اللہ، ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور اور سابق منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن ایم اے وحید اور کارپوریشن کے اسٹاف نے شرکت کی۔